Chapter 1
باب اوّل — ایک انجانی پکار
صبح کی پہلی کرنیں کھڑکی کے پردوں سے چھن کر کمرے میں داخل ہو رہی تھیں۔ باہر پرندوں کی چہچہاہٹ ایک نئے دن کے آغاز کا پتا دے رہی تھی، مگر کمرے کے اندر پھیلی خاموشی میں ایک آواز بار بار گونج رہی تھی۔
"شانزے۔۔۔!"
ایک دھندلا سا چہرہ اس کی نگاہوں کے سامنے تھا۔ وہ چہرہ جس کے نقوش واضح نہیں تھے، جسے پہچاننے کی ہر کوشش ناکام ہو رہی تھی۔ بس ایک آواز تھی جو اسے مسلسل پکار رہی تھی۔
"شانزے، میری بات سنو۔۔۔!"
وہ اس چہرے کو دیکھنے کی کوشش میں ایک قدم آگے بڑھی۔
"تم کون ہو؟"
مگر جواب دینے کے بجائے وہ آواز ایک بار پھر گونجی۔
"شانزے!"
اور اگلے ہی لمحے وہ ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھی۔
اس کی آنکھیں خوف اور حیرت سے پھیلی ہوئی تھیں۔ چند لمحوں تک وہ اپنی سانسیں معمول پر لانے کی کوشش کرتی رہی۔ پھر اس نے کمرے میں ایک نظر دوڑائی۔ سب کچھ ویسا ہی تھا، مگر خواب کی وہ آواز ابھی تک اس کے ذہن میں گونج رہی تھی۔
وہی خواب۔۔۔ پھر سے۔
شانزے نے بےاختیار اپنے بالوں کو پیچھے کیا اور گہری سانس لی۔
"آخر کون ہو تم؟"
اس نے دھیمی آواز میں خود سے سوال کیا، مگر جواب ہمیشہ کی طرح خاموشی ہی تھا۔
کچھ دیر بعد وہ بستر سے اٹھی، واش روم جا کر منہ دھویا اور خود کو تازہ دم کرنے کے بعد آئینے کے سامنے کھڑی ہو گئی۔ اس نے اپنے عکس کو دیکھا اور پھر سر جھٹک کر کمرے سے باہر نکل آئی
سیڑھیاں اترتے ہوئے اسے ڈائننگ روم سے آتی آوازیں سنائی دینے لگیں۔ گھر میں صبح کی رونق پھیل چکی تھی۔ ملازمین ناشتے کی تیاری میں مصروف تھے اور خاندان کے افراد میز کے گرد جمع ہو چکے تھے۔
شانزے ڈائننگ روم میں داخل ہوئی اور خاموشی سے اپنی کرسی پر بیٹھ گئی۔
"ارے واہ! آج ہماری شہزادی اتنی خاموش کیوں ہے؟"
ارسلان نے اسے دیکھتے ہی شرارت سے پوچھا۔
شانزے نے اس کی طرف ایک نظر دیکھا اور بغیر جواب دیے اپنی پلیٹ اپنی طرف کھینچ لی۔
"کیا بات ہے؟ کہیں خواب میں کسی نے ڈانٹ تو نہیں دیا؟"
اس بار شاہویر نے چائے کا کپ میز پر رکھتے ہوئے کہا۔
"آپ دونوں کو صبح صبح کوئی اور کام نہیں ہوتا؟"
شانزے نے خفگی سے جواب دیا۔
"کام تو بہت ہیں، لیکن تمہیں تنگ کرنا سب سے ضروری ہے۔"
ارسلان نے فوراً کہا۔
زُوہا اپنی ہنسی چھپانے کے لیے منہ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ گئی۔
"ویسے آپی، آپ آج کچھ زیادہ ہی گم سم لگ رہی ہیں۔
"زُوہا، تم اپنا ناشتہ کرو۔"
شانزے نے اسے گھورا۔
"جی، جی! میں تو کر رہی ہوں۔"
زُوہا نے معصومیت سے جواب دیا، جس پر ارسلان بھی ہنس پڑا۔
میز کے دوسرے سرے پر بیٹھے شیہریار راجپوت نے اخبار تہہ کرتے ہوئے بچوں کو دیکھا۔
"صبح صبح تم لوگوں کی نوک جھونک شروع ہو جاتی ہے۔ کبھی سکون سے بھی ناشتہ کر لیا کرو۔"
"بابا، میں تو بالکل خاموش بیٹھی تھی۔"
شانزے نے فوراً شکایت لگائی۔
"ہاں بھئی، قصور تو ہمیشہ ہمارا ہی ہوتا ہے۔"
ارسلان نے ہنستے ہوئے کہا۔
شانزے نے اسے ایک گھوری سے نوازا اور اپنے ناشتے کی طرف متوجہ ہو گئی۔
مگر اس کے ذہن سے وہ خواب ابھی تک نہیں نکلا تھا۔ وہ دھندلا سا چہرہ، وہ انجانی آواز اور اس کا نام لینے کا وہ مخصوص انداز۔
اس نے بےاختیار کھڑکی کی طرف دیکھا۔
باہر ایک نیا دن شروع ہو چکا تھا، مگر اس کے ذہن میں ایک پرانا سوال پھر سے جاگ اٹھا تھا۔
آخر وہ کون تھا جو ہر بار اسے پکارنے آتا تھا؟










