میرا نصیباں
Share with your friends
Customize readability

میرا نصیباں

All Rights Reserved ©

Summary

نامکمل کرداروں کی مکمل داستاں۔۔۔۔محرمیوں کی شکار، نصیب کے لکھے پر یقین رکھنے والی لڑکی۔۔۔رب سے نیک ہمسفر کی متمنی اپنی ذات کے لیے بھی اتنی ہی استقامت اور اچھائیاں مانگتی ہے۔۔۔اپنے ہمسفر سے عزت،توجہ اور محبت کی توقع رکھتی ہے۔۔۔آپسی رشتے میں محبت سے زیادہ خلوص، وفاداری، پاسداری، دیانت داری کو ترجیح دینے والا لڑکا۔۔۔دو فریقین میں مساوی حقوق کا قائل۔۔۔ اپنی خوشیوں کے ساتھ ساتھ دوسرے فریق کی خوشیوں کو عزیز رکھنے والا۔۔۔ پارس انصاری اور زوہیب شاہ کی کہانی جو مکمل کرتے ہیں ایک دوجے کو۔۔۔۔

Status
6yrs ago
Chapters
2
Rating
4.7 (3 reviews)
Age Rating
13+

Chapter 1

پیش لفظ:


اسلام و علیکم میرے پیارے قارئین!!!میں حاضر ہوں ایک نئی کہانی" میرا نصیباں" کے ساتھ۔اُمید ہے آپ سب کو پسند آئے گی۔اس کہانی کو لکھنے کا مقصد ہے کہ ہم اور ہمارا سماج اجاگر ہو۔یہ کہانی ہے لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے۔میں شکر گزار ہوں میری پیاری ریڈر رباب کی جنہوں نے میری توجہ اس ٹاپک کی جانب مبذول کروائی۔عموماً آج کے دور میں والدین لڑکیوں کی پڑھائی کو ترجیح تو دے رہے ہیں لیکن کیا ہم اتنی ہی توجہ پر اُن پر دھیان دیں پا رہے ہیں۔اپنے بچوں کا کسی اسکول میں داخلہ تو کروا دیتے ہیں لیکن کیا کبھی یہ جاننے کی کوشش کی کہ ہمارا بچہ کیا سیکھ رہا ہے؟؟اُس کی توجہ پڑھائی کی جانب ہے بھی یا نہیں آیا وہ بس نام کو روزانہ اسکول آ اور جا رہا ہے۔میں یہ بات اپنی خود ساختہ بنائی ہوئی نہیں کہہ رہی ہوں۔میں نے ایسی بھی ماؤں کو دیکھا ہے،جو اپنے بچوں کو اسکول توپڑھنے کے لیے بھیج رہی ہیں لیکن اس بات پر دھیان ہی نہیں دیتیں کہ ہمارا بچہ یا بچی اسکول جا رہے ہیں تو کیا وہ صحیح پابندی سے پڑھائی کر رہے ہیں؟؟؟یا بس اسکول جانا ہے تو جا رہے ہیں پھر پڑھنا آیا تو آیا ورنہ نہ آیا، اسکول تو جا رہے ہیں ناں؟؟کیا اس بات سے ہمارا فرض پورا ہو جاتا ہے؟؟یہیں بات آج اس کہانی کےذریعے بتانا چاہتی ہوں۔ایک بچے کی پہلی درس گاہ اُس کی ماں کی گود ہوتی ہے،اس لیے ایک عورت کا ،ماں کا پڑھا لکھا ہونا بہت ضروری ہے۔ایک لڑکی نسلوں کی امین ہوتی ہے،اُسی سے نسلوں کی آبیاری ہوتی ہے۔ایک ماں پڑھی لکھی ہوگی تو اولاد کی صحیح تربیت کر پائے گی...اپنی اولاد کو صحیح اور غلط کا فرق واضح کرنا سکھا پائے گی۔آج ہمارے سماج کے خود ساختہ بنائے گئے مفروضے کہ بیٹی کو پڑھا لکھا کر کیا کرنا ہے... چولہا چکی میں ہی تو جھونکنا ہے... اسے ہم نے کون سا نوکری کے لئے بھیجنا ہےکیوں...آخر ایسی باتیں کیوں؟؟ ہر لڑکی اسی لیے تو نہیں پڑھتی کہ وہ نوکری کرے،وہ تو شعور حاصل کرنے کے لیے پڑھتی ہے۔


محبت میں فریقین کا ایک دوسرے کا ساتھ دینا، ایک دوسرے کے فیصلوں کو ترجیح دینا بہت ضروری ہوتا ہے تب ہی ازدواجی زندگی کی گاڑی اپنی صحیح راہوں پر گامزن رہتی ہے ڈگمگاتی نہیں اس کہانی میں آپ ملیں گے ایسے ہی کچھ کرداروں سے۔


نامکمل کرداروں کی مکمل داستاں۔۔۔۔محرمیوں کی شکار، نصیب کے لکھے پر یقین رکھنے والی لڑکی۔۔۔رب سے نیک ہمسفر کی متمنی اپنی ذات کے لیے بھی اتنی ہی استقامت اور اچھائیاں مانگتی ہے۔۔۔اپنے ہمسفر سے عزت،توجہ اور محبت کی توقع رکھتی ہے۔۔۔آپسی رشتے میں محبت سے زیادہ خلوص، وفاداری، پاسداری، دیانت داری کو ترجیح دینے والا لڑکا۔۔۔دو فریقین میں مساوی حقوق کا قائل۔۔۔ اپنی خوشیوں کے ساتھ ساتھ دوسرے فریق کی خوشیوں کو عزیز رکھنے والا۔۔۔ پارس انصاری اور زوہیب شاہ کی کہانی جو مکمل کرتے ہیں ایک دوجے کو۔۔۔۔


اس کہانی کے تمام کردار فرضی ہیں۔حقیقی زندگی سے ان کرداروں کا کوئی تعلق نہیں۔


(اح


مرین شیخ)


**********************************


میرا نصیباں


از قلم احمرین شیخ


*********************


ملیں گی ہم کو بھی اپنے نصیب کی خوشیاں

بس انتظار ہے کب یہ کمال ہونا ہے...........!!!!!!!!


*********************


صبح کے دس بج رہے تھے۔صحن میں سورج کی کرنیں پھیل چکی تھیں۔اتنی صبح صبح بھی سورج آگ برسا رہا تھا۔ایک کونے میں تخت رکھا تھا اُسی سے تھوڑی دوری پر جھولا لگا ہوا تھا۔ گرمیوں کی اس تپتی دھوپ میں باورچی خانے کے کام سے فارغ ہو کر کندھے کے ایک سائیڈ پر دوپٹہ ڈالے دوسری سائیڈ سے کمر پر باندھے وہ صحن میں جھاڑو لگا رہی تھی۔ چہرے پر بار بار بالوں کی لٹیں آتی تو وہ اُنہیں جھنجلا کر پیچھے کر دیتی۔گرمی کی تمازت سے اُس کا چہرہ سرخ ہو رہا تھا۔شدید گرمی کے باعث پیشانی پر پسینے کے چند قطرے نمودار ہو رہے تھے۔ وہ اپنے کام میں مگن تھی جب دروازے پر دستک ہوئی۔اس نے ایک لمبی سانس خارج کی پھر جھاڑو وہی چھوڑ کر دوپٹہ کی گراه کھولی اور دوپٹہ ٹھیک سے اپنے سر پر لیا ۔ مسلسل ہونے والی دستک اب زور پکڑ چکی تھی۔


"کون ہے بھئی...آ رہی ہوں...." زور سے ہانک لگا کر اُس نے دروازہ کھولا تو سامنے کوئی اٹھارہ سال کی لڑکی کھڑی تھی۔اُسے دیکھ کر اس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ بکھر گئی۔


"پارس آپی...میں کب سے دروازہ بجائے جا رہی ہوں۔کہاں تھیں آپ ، اتنی دیر کر دی۔" ثانیہ نے منہ بسور کر کہا اور پارس کے جگہ دینے پر اندر داخل ہوتے ہی سامنے رکھے جھولے پر جا بیٹھی۔


"لڑکی صبر نام کی بھی کوئی چیز ہوتی ہے جو تم میں بالکل نہیں۔" مسکرا کر کہتے ہوئے اُس نے دروازہ بند کیا پھر نلکے کے نیچے ہاتھ دھو کر اپنے دوپٹے کے پلو سے صاف کیا اور اُس کے پاس آ کر بیٹھ گئی۔


"ہاں تو کتنی گرمی ہے باہر...اب مجھے پگھلنا تھوڑے ہی تھا۔" شرارت سے کہتے ہوئے اُس نے دوپٹے کو دونوں ہاتھوں سے تھام کر پنکھے کی طرح ہلایا۔


"اچھا اچھا میری ماں تم سے باتیں بنانے میں کوئی نہیں جیت سکتا۔یہ بتاؤ کیا کام تھا جو اتنی جلدی میں ہو تم؟" پارس نے اس کے آگے ہاتھ جوڑتے ہوئے پوچھا۔


"پارس آپی میری ٹیچر نے ایک فارم دیا ہے، اسے فل کرنا ہے جو انگلش میں ہے۔میں نے فل تو کر لیا ہے لیکن کچھ پوائنٹ ہیں جو میری سمجھ میں نہیں آ رہے، آپ کی ہیلپ چاہیے تھی آپ تھوڑی مدد کر دیں گی میری۔" ثانیہ اپنی ہی دھن میں تھی اُس نے جلدی سے فارم اُس کی طرف بڑھایا لیکن پارس نے تھاما ہی نہیں۔وہ حسرت سے اُس پر لکھی گئی تحریر کو دیکھے گئی۔جس سے وہ بالکل نا آشنا تھی۔


" کیا ہوا ایسے کیا دیکھ رہی ہیں۔ پکڑیں جلدی۔ " پارس کو کوئی حرکت نہ کرتے دیکھ کر وہ بول پڑی۔


"معاف کرنا ثانیہ میں تمہاری مدد نہیں کر پاؤں گی کیوں کہ مجھے انگلش آتی ہی نہیں، بالکل نابلد ہوں اس سے۔" آخر میں اس کا لہجہ حسرت بھرا تھا۔


"م۔۔مجھے یہ فل کرنے نہیں آۓ گا ثانیہ۔" اس وقت اُسے بہت شرمندگی محسوس ہو رہی تھی۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نہ ہونے کا احساس پھر عودکر آیا تھا۔یہی بات اس کی سب سے بڑی کمزوری اور محرومی تھی۔اپنے تاثرات چھپانے کے لیے فوری طور پر اس نے زبردستی کی مسکان اپنے چہرے پر سجائی۔


"پارس آپی آپ کو ان آٹے دال کے بھاؤ کے سوا کچھ نہیں آتا۔آپ تو پکی والی گھریلوں خاتون ہیں جبکہ آپ کی عمر کی لڑکیاں کالج اور یونی میں ہوتی ہیں۔" ثانیہ ایک بہت باتونی لڑکی تھی۔بنا سوچے سمجھے کچھ بھی بول دیا کرتی تھی اور ہر وقت بات کے آخر میں اسے اپنے کہے کا اندازہ ہوتا تھا۔اس وقت بھی یہ ہی صورت حال ہو گئی تھی۔


ثانیہ کی بات پر پارس کے چہرے پر کچھ پل پہلے ابھری ہوئی مسکراہٹ کی جگہ اب تاریکی نے لے لی تھی۔


"ہاں ثانیہ میرا نصیباں ہی ایسا ہے ۔نام تو میرا پارس بڑے پیار سے رکھا ہے میری ماں نے لیکن افسوس قسمت میری ویسی نہیں۔" افسردگی سے کہتے ہوئے اُس نے ایک سرد آہ بھری۔اس وقت ایک مجروح مسکراہٹ نے اُس کے چہرے کا احاطہ کیا تھا۔


ثانیہ کو اپنے کہے گئے لفظوں پر پچھتاوا ہوا تھا۔من ہی من میں اُس نے اپنے آپ کو سرزنش کی۔


"اوہ!!! سوری مجھے پتہ نہیں تھا، یوں اداس تو نہ ہوں آپ۔ میں اپنے بڑے بھیا سے فل کروا لوں گی۔ "


"ویسے آپ کے ہاتھوں میں بہت ذائقہ ہے۔"ماحول کو ہلکا کرنے کی غرض سے اُس نے کوئی اور موضوع چھیڑ دیا۔اپنی پارس آپی کو وہ غمزدہ نہیں دیکھ سکتی تھی۔


"تو آؤ پھر میں اپنی چھوٹی کو اپنے ہاتھوں کے بنے گرما گرم پراٹھے کھلاتی ہوں۔" اپنے آواز میں بشاشت پیدا کرتے ہوئے وہ اپنی جگہ سے اٹھ کھڑی ہوئی۔وہ ماہر تھی اپنے احساسات چھپانے میں۔


"نہیں۔۔آپی اس وقت نہیں۔۔۔مجھے اسکول جانے کے لیے دیر ہو رہی ہے۔میری اماں ابھی میرے نام کی پکار لگاتے ہوئے حاضر ہو جائے گیں۔۔انشاء اللہ پھر کبھی سہی۔۔جلدی میں ہوں اس لیے منع کر رہی ہوں ورنہ کون کمبخت آپ کے ہاتھوں کا لذیذ کھانا کھانے سے منع کر سکتا ہے۔اور ہاں یاد آیا،آج شام میں میلہ لگنے والا ہے نا؟میں تو بہت ایکسائٹیڈ ہوں پہلی بار کوئی میلہ دیکھوں گی۔ آپ آ رہی ہیں ناں شام میں گاؤں کے میلے میں؟ " عجلت میں کہتے ہوئے وہ جھولے سے اٹھی اور اپنے آخری سوال پر اُمید بھری نظروں سے اسے دیکھا۔


"نہیں گڑیا...میں نہیں آ پاؤں گی...امّاں بالکل بھی اجازت نہیں دیں گیں اور اگر ابا کو خبر ہوئی تو جان ہی نکال دیں گے میری۔" سہولت سے اس نے سے انکار کیا۔


"ٹھیک ہے۔۔کوئی بات نہیں میں اپنے فون میں ویڈیو بنا لاؤں گی اور آپ دیکھ لینا۔۔کیسا آئیڈیا ہے؟ "اپنے اس نئے آئیڈیا پر ثانیہ کا چہرہ خوشی سے دمک اٹھا تھا۔وہ پارس سے تائید چاہ رہی تھی اور اُس کے اس بچپنے پر پارس ہنس دی تھی۔


"بہت اچھا ہے چھوٹی، اب جاؤ جلدی ورنہ لیٹ ہو جاؤ گی۔"


"ارے ہاں!!! مجھے لیٹ ہو رہا ہے۔میں چلتی ہوں اللہ حافظ۔" اپنے سر پر ہاتھ مار کر وہ باہر کی جانب چلی گئی۔


*********************


ثانیہ کے جانے کے بعد پارس نے دروازے کی کنڈی چڑھائی اور سست روی سے چلتی ہوئی اپنے کمرے میں آ کر بیڈ سے ٹیک لگا کر گھٹنوں کے گرد بازوں لپیٹے بیٹھ گئی۔وہ رونا نہیں چاہتی تھی لیکن آنسوں اُس کی آنکھوں کو بگھو رہے تھے۔اپنے باپ کے کہے گئے جملے اُس کے دل و دماغ پر اب بھی نقش تھے۔وہ کیسے بھول سکتی تھی، اپنے باپ کے نام نہاد اصولوں اور جہالت بھری باتوں کو ان ہی باتوں کی وجہ سے تو اُس کا مستقبل تاریکی کی نظر ہوا تھا۔ماضی کسی فلم کی طرح اُس کی آنکھوں کے سامنے چل رہا تھا۔


" ابا میں بھی ہائی اسکول جانا چاہتی ہوں۔مجھے بھی مراد بھائی کی طرح آگے پڑھنا ہے۔" بچپن میں ایک دن اُس نے اپنی خواہش ظاہر کی تو اکرام صاحب آگ بگولا ہو گئے تھے۔


"خبردار جو تم نے اب پڑھائی کا نام بھی لیا تو۔ یہ ساری پٹیاں کون پڑھا رہا ہے تمہیں۔کیا تم نے دیکھا ہے کبھی ہمارے خاندان ، برادری کی کوئی لڑکی پڑھنے کے لیے گھر سے باہر نکلی ہو؟صرف تمہاری ماں کی ضد وجہ سے میں نے تمہیں سات جماعتیں پڑھوائی ہیں اس سے آگے کی توقع مت رکھنا۔کیوں سماج میں برادری والوں کے سامنے میری عزت کی دھجیاں اڑانا چاہتی ہو؟ عورت گھر کی چار دیواری میں ہی اچھی لگتی ہے۔تعلیم حاصل کر کے اُس کا دماغ خراب ہوتا ہے اور کچھ نہیں۔" اُن کی دھاڑ پر وہ بچی سہم کر پاس کھڑی ماں کے سینے سے جا لگی۔


"زاہدہ میری بات کان کھول کر سن لو۔خبردار جو تم نے اسے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواب دکھائے۔اسے چولہا چکی میں جھونکو۔سسرال میں جا کر کہیں میری ناک نہ کٹوا دے یہ لڑکی۔یہ جو بھوت سوار ہوا ہے ناں اس کے سر پر یہ جلد از جلد اتر جانا چاہیے ورنہ میں اس کی عمر نہیں دیکھوں گا اور رخصت کروا دوں گا سمجھی تم۔" وہ بول نہیں رہے تھے دھاڑ رہے تھے۔زاہدہ نے اپنی خوف زدہ بچی کو اپنے آپ میں سمیٹ لیا۔کچھ بولنے کی چاہ میں زاہدہ کچھ بول ہی نہ سکیں۔وہ اگر بولتی تو زبان دراز کہلاتیں۔ غصیلی نگاہ ان دونوں ماں بیٹی پر ڈال کر وہ باہر چلے گئے۔انہوں نے اپنے شوہر سے پارس کے پرائمری میں داخلہ دلوانے کے لیے بہت منت سماجت کی تھیں تب جا کر وہ راضی ہوۓ تھے۔


اکرام صاحب لڑکیوں کو تعلیم دلانے کے خلاف تھے۔اُن کی نظر میں عورت صرف چار دیواری میں رہنے ، اپنے باپ، بھائی اور شوہر کی خدمت کرنے والی کوئی مخلوق تھی۔جس کے کوئی احساسات ہی نہیں۔اُن کا نظریہ تھا کہ تعلیم عورت کو باغی اور خود سر بناتی ہے جبکہ تعلیم تو زندگی جینے کا شعور سکھاتی ہے۔ ان کی برادری میں لڑکیوں پر تعلیم کے دروازے بند تھے البتہ لڑکوں پر ایسی کوئی پابندی عائد نہیں تھی۔ ان کے ہاں لڑکے اور لڑکی کا خاندان سے باہر شادی کرنے کا قطعی کوئی رواج نہیں تھا۔اپنی فرسودہ روایات پر انہیں فخر تھا۔گاؤں میں ایک پرائمری اسکول تھا جس کا تعلیمی نظام بھی اچھا نہیں تھا۔اس ادارے کےاساتذہ خود اپنے پیشے کو لے کر مخلص نہیں تھے ۔بہت کم لوگ تھے جو اپنی بچیوں کو پرائمری اسکول پڑھنے دیتے تھے وگرنہ گھر گرہستی ہی ان کا نصیب ہوا کرتی تھی۔ ہائی اسکول گاؤں سے کچھ دوری پر سنسان علاقے میں تھا جہاں گاؤں کے لوگ لڑکیوں کو پڑھنے بھیجنے کے حق میں نہیں تھے۔اعلیٰ تعلیم کے لیے لڑکے گاؤں سے باہر شہر میں جا سکتے تھے جبکہ لڑکیاں سات جماعتیں ہی پڑھتی تھیں بعض تو اتنی بھی نہیں پڑھ پاتی تھیں۔ اردو، ہندی اور مراٹھی تو جیسے تیسے پڑھ لیتی تھیں جبکہ انگریزی زبان سے بالکل نابلد تھیں۔


"نہ میری بچی نہ روتے نہیں۔میری پارس تو میری بہادر بیٹی ہے ناں۔" زاہدہ نے اس کے آنسوں اپنے دوپٹے کے پلو سے صاف کیے۔اُن کی اپنی آنکھوں سے بھی آنسوں بہہ رہے تھے۔وہ بھی اپنی بیٹی کو آگے پڑھانا چاہتی تھی لیکن اپنے شوہر کے آگے بے بس تھیں۔


"امّاں تم کیوں روتی ہوں۔میں اب کبھی کچھ نہیں کہوں گی کوئی ضد نہیں کروں گی۔میں ایسا کوئی کام نہیں کروں گی جو ابا کو پسند نہ ہو۔" اپنے چھوٹے چھوٹے ہاتھوں سے اُس نے اپنی ماں کے آنسوں پونچھے تو اپنی اس صابر بیٹی کو دیکھ کر زاہدہ نے اُسے پھر سے خود میں بھینچ لیا۔وہ اتنی لاچار و بے بس عورت تھیں کہ اپنے اور اپنی بیٹی کے لیے، اپنے حق کے لیےآواز بھی نہیں اٹھا سکتی تھیں۔


اکرام انصاری اور زاہدہ کے دو بچے تھے بڑا بیٹا مراد اور اس سے چھوٹی پارس۔وہ ایک فیکٹری میں وركر تھے۔اپنی کسمپرسی کی زندگی جی رہے تھے۔سر چھپانے کے لیے خود کی چھت تھی۔ وہ خود دار تھے۔کسی کے آگے ہاتھ پھیلانا اُنہیں بالکل منظور نہیں تھا۔زندگی اپنی ڈگر پر چل رہی تھی۔اکرام انصاری کا سب سے بڑا خواب اپنے بیٹے مراد کو پڑھا لکھا کر ایک بڑا آدمی بنانا تھا۔اُن کا وہ لاڈلا تھا ، بیٹے کی محبت میں جو تھوڑی بہت نرمی اور محبت بیٹی کے لیے تھی وہ بھی پس منظر میں کہیں چلی گئی تھی۔بیٹی کو کبھی اُنہوں نے وہ محبت دی ہی نہیں جو اُس کا حق تھی۔کبھی اُس کے سر پر پیار سے ہاتھ نہیں رکھا،کبھی اُسے سینے سے نہیں لگایا،کبھی اُس کے کسی کام پر اُس کو نہیں سراہا۔بچپن سے وہ اپنی باپ کی بے رخی اور لاتعلقی سہہ رہی تھی اُسے تو جیسے اب عادت سی ہو گئی تھی۔اپنے باپ کی تمام تر بے مروتی کے باوجود وہ اُن کا ہر کام کیا کرتی تھی۔ کیا کرتی بیٹی تھی،بیٹی کا دل رکھتی تھی۔ دل میں بے پناہ پیار اپنے باپ کے لیے چھپائے ہوئی تھی۔بچپن میں جب وہ کسی باپ کو اپنی بیٹی کی انگلی تھامے لے جاتے دیکھا کرتی تو ایک حسرت سی اٹھتی کہ کاش وہ بھی اپنے باپ کی انگلی تھام کر کہیں جا سکے۔پورے حق سے اپنی ہر بات باپ سے منوا سکے۔جو کھلونا اُسے پسند ہو وہ زبردستی اپنے باپ کو خریدنے کے لئے کہے۔جب اُس کا باپ بازار سے لوٹے تو کبھی اُس کے لیے بھی چیزیں لائے اور وہ اپنی سہیلیوں کو فخر سے دکھا سکے۔لیکن یہ سارے خواب اُس کے خواب ہی رہے کبھی تکمیل کو نہیں پہنچے،ہمیشہ ایک حسرت ہی رہی۔ اُس سے جب کوئی ذرا سی بھی غلطی سرزد ہوجاتی تو اُس کا باپ اُسے جھڑک کر رکھ دیا کرتا تھا۔اکرام انصاری کی نظروں میں بیٹی کے لاڈ اٹھانا مطلب اسے سر چڑھانا تھا۔


*********************


وقت کا کام ہے گزرنا اور وہ گزرتا چلا جاتا ہے۔ پارس نے بچپن سے جوانی کی دہلیز پر قدم رکھا تو اپنے آپ کو گھر گرہستی کے کاموں میں مشغول کر لیا۔اُس نے قرآن پاک اپنی محلے کی خالہ سے سیکھ لیا تھا۔ بچپن سے وہ سمجھدار تو تھی ہی لیکن اب اور زیادہ حساس ہو گئی تھی۔ اپنی ماں کی پرورش پر وہ کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہیں دینا چاہتی تھی۔اپنے آپ کو مصروف کرنے کے لئے اُس نے سلائی کڑھائی بھی سیکھ لی تھی۔وقت ملتا تو محلے والوں کے کپڑے بھی سی لیا کرتی۔ سلائی کڑھائی اس کی ایک واحد مصروفیت تھی۔اس نے گھر کا پورا کام اپنے ذمے لے رکھا تھا۔اُس کی ماں اُس کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتی تھی۔اپنی ماں کی تعریفوں پر وہ مسکرا دیتی۔وہ تنہائی پسند تھی۔اس کی دوستی کا دائرہ بہت محدود تھا۔کسی سے اتنی گہری دوستی نہیں تھی کہ گھر آنا جانا لگا رہتا۔بھیڑ سے وہ گھبراتی تھی۔اعتماد تو اس میں سرے سے مفقود تھا۔وہ احساس کمتری کا شکار تھی۔بھری محفل میں اُسے جانے سے ڈر لگتا تھا۔اپنی ماں کے لاکھ کہنے پر بھی وہ لوگوں سے جلدی گھلتی ملتی نہیں تھی۔اُن ہی دنوں اُن کے پڑوس میں نئے لوگ رہنے آئے تھے جو ان کی برادری سے تعلق نہیں رکھتے تھے،بہت ہی ملنسار لوگ تھے۔اُن کا ایک بیٹا اور ایک ہی بیٹی تھی ثانیہ جس سے پارس کی اچھی خاصی دوستی ہو گئی تھی اور اس دوستی میں لا ابالی سی ثانیہ کا ہی ہاتھ تھا، جو ابھی شہر کے ہائی اسکول میں پڑھتی تھی روزانہ وین سے آتی جاتی تھی۔وہ اپنی شرارتوں اور پیاری مزے کی باتوں سے پارس کو ہنسنے پر مجبور کر دیا کرتی تھی۔تھوڑے عرصے میں ثانیہ اسے بہت عزیز ہو گئی تھی۔


"آہ....!!!کتنی محبت سے میری ماں نے میرا نام پارس رکھا تھا۔وہ قیمتی پتھر جو کسی چیز کو چھو لے تو اُسے سونا بنادے۔لیکن...لیکن...میں تو وہ پتھر ہوں جو کسی چیز سے مس ہو جائے تو اُسے مٹی کر دے۔" اُس نے ایک سرد آہ بھری اور تمسخرانہ انداز میں کہہ کر خود گویا اپنا ہی مذاق اڑایا۔


"کیوں ابا آپ نے میری ایک خواہش پوری نہیں کی۔صرف پڑھنا ہی تو چاہتی تھی میں۔ علم حاصل کرنے سے باغی کون ہوتا ہے؟ علم تو شعور بخشتا ہے۔زندگی جینے کا سلیقہ طریقہ سکھاتا ہے...ایک بار مجھ پر بھروسہ تو کیا ہوتا...آپ کا سر کبھی بھی نہ جھکنے دیتی۔" کتنا درد بھرا لہجہ تھا اُس کا۔آنسووں کا ریلا سا گالوں سے بہے جا رہا تھا۔


"پارس...او پارس..." اپنی ماں کی آواز پر اُس نے اپنے آنسوں دوپٹے کے پلو سے صاف کیے اور اپنی جگہ سے اٹھ کھڑی ہوئی پھر ہانک لگائی۔


"آ رہی ہوں امّاں..."


اپنے منہ پر اُس نے پانی کے چھینٹے مارے اور باہر آ گئی۔جہاں زاہدہ کے ساتھ مراد بھی چار پائی پر بیٹھا نظر آ رہا تھا۔بہت حد تک اُس نے اپنے آپ کو نارمل کر لیا تھا،جس سے کسی کو بھی اُس کی ذہنی ابتری کا پتہ نہیں چل پاتا۔


"کہاں رہ گئی تھی...جا جلدی اور بھائی کے لیے ناشتہ لے آ، کالج کے لیے دیر ہو رہی ہے اسے۔" زاہدہ نے اُسے کہہ کر اپنے بیٹے کو ممتا بھری نظروں سے دیکھا جو اپنے فون میں مصروف تھا۔بلیک جینز پر بلیک ہی شرٹ پہنے وہ بہت سوبر دکھائی دے رہا تھا۔


"جی امّاں ابھی لائی۔" دھیمی آواز میں کہہ کر وہ کچن میں چلی گئی۔


تھوڑی ہی دیر میں اُس نے مراد کے سامنے ناشتہ لگا دیا تھا۔اپنے فون کو سائیڈ پہ رکھ کر وہ ناشتہ کر رہا تھا جب اکرام صاحب گھر میں داخل ہوئے۔اُن کا چہرہ پژمردہ دکھائی دے رہا تھا۔اُن کی حالت دیکھ کر پارس جھٹ سے آگے بڑھی۔


"کیا ہوا ابا آپ کی طبیعت تو ٹھیک ہے؟" وہ اُن کا ہاتھ تھامنا چاہتی تھی لیکن اُن کے ہاتھ کے اشارے سے روکنے پر وہی رک گئی۔


"ہاں ٹھیک ہوں میں۔بس ذرا کمزوری محسوس ہو رہی تھی۔چکر آ گیا تھا، اسی لیے فیکٹری سے چھٹی لے کر آ گیا۔" کہہ کر وہ سامنے رکھی کرسی پر بیٹھ گئے۔


"اب کیسا محسوس کر رہے ہیں۔" زاہدہ نے فکر مندی سے پوچھا۔


" اب پہلے سے بہتر ہے طبیعت۔"


"ابا ڈاکٹر کے پاس چلیں جاتے۔" پارس نے اپنائیت سے کہا۔


"ضرورت محسوس ہوئی تو چلا جاؤں گا۔مجھے ایک گلاس پانی لا کر دو۔" اُن کے سرد مزاجی سے کہنے پر وہ سر ہلاتی وہاں سے چلی گئی۔اُن کے اس روّیے کی تو وہ عادی تھی۔صبر کے گھونٹ بھر لیا کرتی تھی۔


"مراد بیٹا تمہارا رزلٹ ہے ناں آج؟" اکرام صاحب نے مراد سے پوچھا جس نے اب تک کی گفتگو میں کوئی حصہ نہیں لیا تھا۔جیسے اُسے اُن سب سے کوئی سروکار ہی نہ ہو۔ اسے یہ تک توفیق نہیں ہوئی کہ اپنے باپ سے اس کی خیریت ہی پوچھ لیتا۔


"ہاں ابا۔۔دو پہر تک رزلٹ آؤٹ ہو جائے گا۔" سر سری انداز میں اُس نے جواب دیا۔


"پھر آگے کا کیا سوچا ہے بیٹا نوکری پانی کے بارے میں۔۔؟میں تو اب بوڑھا ہو چکا ہوں۔اپنی ماں اور بہن کا خیال بھی تو تمہیں ہی رکھنا ہے ناں۔ چھوٹی بہن کو بھی رخصت کروانا ہے۔ اس گھر کی ذمہ داریاں اب تمہارے کندھوں پر آ جائے گیں۔" رسانیت سے کہہ کر اُنہوں نے اُمید بھری نظروں سے اُسے دیکھا۔


"او۔۔ اباپلیز!!! ابھی رزلٹ تو آنے دیں۔اور ابھی میری کون سی عمر ہے گھر کی ذمہ داریاں اٹھانے کی۔اپنی لائف انجواۓ تو کرنے دیں مجھے۔" بیزاریت سے کہہ کر وہ اپنے فون کی بجتی رنگ پر کھانے سے ہاتھ روکے اٹھ کھڑا ہوا۔


اُس کے اس انداز پر دونوں دکھ سے اسے دیکھے گئے۔کچھ کہہ کر وہ اپنی جوان جہان اولاد کو اپنے آپ سے بدزن نہیں کر سکتے تھے۔پارس جو ابھی آئی تھی اپنے بھائی کی بات سن کر وہی کھڑی رہ گئی اور اپنے ماں باپ کے بجھتے چہروں کو دیکھا۔مراد کی اس بے رخی پر اُسے غُصہ بھی بہت آتا تھا لیکن کچھ کہنے کی اُس میں ہمت کہاں تھی۔


"بیٹا کھانا تو پیٹ بھر کر کھا لیتے۔" زاہدہ نے اس کے بیچ میں ہی اٹھ جانے پر اُسے ٹوکا۔


"کھا چکا ہوں اماں۔مجھے دیر ہو رہی ہے۔"


اپنا بیگ اٹھا کر اُس نے کندھے پر ڈالا اور اکرام صاحب سے مخاطب ہوا۔


"ابا مجھے کچھ پیسے چاہیئے۔"


کچھ بھی کہے بنا اُنہوں نے خاموشی سے اُس کے ہاتھ پر نوٹ رکھ دیے تھے۔


"چلتا ہوں اللہ حافظ۔" الوداعی الفاظ ادا کر کے وہ باہر چلا گیا۔


پیچھے وہ تینوں اسے جاتا دیکھتے رہ گئے۔پارس نے گلاس اپنے ابا کے سامنے کیا۔


" ابا یہ پانی۔"


" نہیں رہنے دو۔اب پیاس نہیں ہے۔" اپنی جگہ سے اٹھ کر نڈھال سے انداز میں چلتے ہوئے وہ اپنے کمرے میں چلے گئے۔


پارس اپنی ماں کے ساتھ ہی بیٹھ گئی جو اُسی دروازے کو دیکھ رہی تھی جہاں سے ابھی ابھی مراد گیا تھا۔


"اماں پریشان نہ ہوں.. بھیا کا آج رزلٹ ہے ناں، اسی کے نتیجے کی فکر ہوگی۔ اسی لیے ایسی بات کر گئے۔" وہی تو تھی جو اُنہیں ڈھارس دیا کرتی تھی۔


"ہاں...ہاں...پریشان ہے بچہ...بس اللّٰہ اُسے کامیاب کرے۔" وہ ماں تھی، اولاد چاہے جتنا بھی دل دکھائے لیکن ماں صرف دعائیں ہی دیتی ہے۔


مراد کا آج بی اے کا رزلٹ تھا۔وہ ذہین تھا۔ اُس کے ماں باپ کی کئی امیدیں اُس سے وابستہ تھیں۔ ایک وہی تو تھا جو اُن کے بڑھاپے کا سہارا تھا۔تنکا تنکا جوڑ کر اکرام صاحب نے اس کی تعلیم کے اخراجات اٹھائے تھے اور یہ سب مراد اپنا حق سمجھ کر وصول کیا کرتا تھا۔اپنی ضرورتیں پوری کرنے کے لئے اُسے پیسہ چاہیئے تھا اور یہ پیسہ کہاں سے آئے گا۔کس طرح آئے گا اُس کا درد سر نہیں تھا۔وہ جو بھی چیز کی فرمائش کرتا اُسے دستیاب ہو جاتی تھی۔اپنے والدین کی محبت کو وہ کبھی سمجھ ہی نہیں سکا۔باپ سے پیسہ لے کر بے دریغ اڑایا کرتا۔آج تک اکرام صاحب نے یہ تک نہ پوچھا کہ وہ ہر روز پیسہ کہاں خرچ کرتا ہے۔اندھا اعتماد جو تھا اُنہیں اپنے بیٹے پر۔


*********************


"زاہدہ ....زاہدہ....ارے بھئی ہو بھی یا نہیں۔" باہر سے آتی آواز پر زاہدہ کے چہرے پر خوشی کے رنگ دوڑ گئے تھے جبکہ پارس بے بسی اور افسردگی سے اپنی ماں کا چہرہ دیکھ کر رہ گئی۔


"جا....پارس....جلدی جا اور کلثوم آپا کے لیے چائے پانی کا انتظام کر...شاید آج کوئی اچھی خبر سننے کو مل جائے۔" وہ کسی اُمید کے تحت خوش نظر آ رہی تھی لکین پارس جانتی تھی آج بھی کلثوم خالہ کے پاس کوئی اچھی خبر نہیں ہوگی۔


زاہدہ اٹھ کر بر آمدے میں چلی گئی جہاں اب کلثوم خالہ بیٹھی ہوئی تھیں۔


"السلام وعلیکم ۔۔کیسی ہو آپا؟" پاس بیٹھ کر زاہدہ نے ان کی خیریت پوچھی۔


"اللّٰہ کا شکر ہے۔" مسکرا کر اُنہوں نے جواب دیا اور پارس کے ہاتھوں سے پانی کا گلاس لیا۔اُنہیں سلام کر کے وہ پھر چائے کے انتظام کے لیے واپس کچن میں چلی گئی۔


" کلثوم آپا کیا کہا لڑکے والوں نے...کوئی بات بنی؟" آگے جھک کر زاہدہ نے اُمید بھرے لہجے میں پوچھا۔ہر آنے والے رشتے سے انکار سن کر وہ اب تھک گئی تھیں ۔اُنہیں جلد از جلد پارس کو اپنے گھر کا کرنا تھا۔اسی لیے کلثوم آپا کے ذریعے وہ اُس کے رشتے کی بات چلا رہی تھیں۔ وہ اپنی برادری والوں سے سخت نالاں تھیں اسی لیے خاندان سے باہر رشتہ ڈھونڈ رہیں تھی اس بات سے اکرام صاحب بھی بے خبر تھے۔


"دیکھو زاہدہ ...جوڑیاں تو وہ رب سو ہنا بناتا ہے...ہماری پارس بیٹیاں میں کوئی کمی نہیں ہے لیکن..." کہہ کر وہ خاموش ہو گئی اُنہیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ زاہدہ کو کس طرح بتائے۔اُنہیں اب وہ جھوٹی تسلیاں نہیں دینا چاہتی تھیں۔


"لیکن کیا کلثوم آپا۔" زاہدہ نے بے چین ہو کر اُنہیں دیکھا۔


"زاہدہ...لڑکا پڑھا لکھا ہے اچھی جگہ نوکری کرتا ہے۔اُسے لڑکی بہت زیادہ نہیں کم از کم بارہ جماعتیں پاس بھی تو چاہیے۔اُن لوگوں نے اس رشتے سے انکار کر دیا ہے۔"آخر میں نظریں چرا کر کلثوم آپا نے دھیمے سے جواز دیا۔


اُن کی بات پر زاہدہ کا چہرہ ماند پڑ گیا تھا۔کیا کیا امیدیں وابستہ کر لیں تھیں اُنہوں نے اِس رشتے سے۔


"زاہدہ میں تمہارا درد سمجھ سکتی ہوں۔پریشان نہ ہو۔اللّٰہ بہتر کرے گا۔ہر ذی روح کا جوڑا اُس رب تعالیٰ نے بنا رکھا ہے۔انشاء اللّٰہ ہماری پارس کا بھی بر ضرور ملے گا۔"


"آمین!!" دل سے اُنہوں نے اس وقت دعا کی تھی۔

دونوں کے بیچ خاموشی حائل ہو گئی تھی۔جیسے بولنے کے لیے الفاظ ہی نہ بچے ہو۔


"خالہ لیجئے چائے۔" پارس کی آواز پر دونوں ہی چونک گئیں تھیں۔


"سدا خوش رہو میری بچی۔۔اللّٰہ تمہارا نصیب اچھا کرے۔" پر شفقت لہجے میں کہہ کر اُنہوں نے اس کے ہاتھ سے چائے تھامی۔


"اچھا زاہدہ اب میں چلتی ہوں۔ایک دو جگہ اور بات کی ہے میں نے دعا کرنا بات بن جائے۔" اُن کی بات پر زاہدہ نے صرف سر ہلا دیا تھا۔


پارس کلثوم خالہ کو دروازے تک چھوڑ کر آئی تھی۔اُس نے دروازہ اچھے سے اندر سے لاک کیا اور اپنی ماں کےپاس آ کر گھٹنوں کے بل بیٹھ گئی۔


"کیوں اپنے آپ کو جھوٹی تسلیاں دیتی ہو امّاں؟" اُن کا ہاتھ تھام کر نرمی سے اُس نے کہا۔


" دیکھنا پارس تمہارا قدر دان تمہیں ضرور ملے گا...مجھے یقین ہے...میرا رب مجھے مایوس نہیں کرے گا...تو بھی مایوس نہ ہوا کر...کیوں اُداسی بھری باتیں کرتی ہے...مایوسی کفر ہے...پارس تو دعا کیا کر خدا سے اپنے اچھے نصیب کی...رب ذوالجلال ہمارے دل سے کی گئی کوئی بھی دعا رد نہیں کرتا۔" اُس کا ماتھا چوم کر اُنہوں نے آج بھی اُسے ایک درس دیا تھا۔پارس اُنہیں بس دیکھ کر رہ گئی۔ہر بار کی طرح یہ بات بھی پارس نے اپنے پلو سے باندھ لی تھی۔


*********************


"میرے مولا تُو، تو دلوں کو بدلنے والا ہے پھر تُو کیوں ابا کا دل میرے لیے نہیں بدلتا۔میرے خدا ان کا دل میرے لیے موم کر دے۔میں تجھ سے اچھے کی امید رکھتی ہوں۔مجھے پورا یقین ہے تو میری دعاؤں کو رائیگاں نہیں جانے دے گا۔ "ایک یقین سا تھا اس کی دعا میں۔ اپنے رب سے کچھ مانگوں تو اس یقین کے ساتھ مانگوں کہ وہ ضرور ہمیں عطا کرے گا۔اللّٰہ کی ذات پر کامل یقین ایمان کی پختگی کی علامت ہے۔


"اے اللہ میں نہیں جانتی میرا نصیب کیسا لکھا گیا ہے لیکن تجھ پر پختہ و کامل یقین رکھتی ہوں تو میرے حق میں ضرور بہتر کرے گا۔ بے شک تو بہتر نہیں بہترین سے نوازنے والا ہے۔ میں اگر نیک ہمسفر کی تمنائی ہوں تو مجھ میں بھی اتنی استقامت عطا فرما، مجھ میں بھی وہ اچھائیاں دیں دے جن کی توقع میں میری زندگی میں آنے والے شخص سے وابستہ کیے ہوں۔تو دلوں کے حال جاننے والا ہے۔ میرے مولا تو قادر مطلق ہے مجھے وہ عطا فرما جو میرے حق میں بہتر ہے۔میں تجھ سے اپنے اچھے نصیب کی دعا مانگتی ہوں۔" وہ اپنے رب سے محو کلام تھی، چہرے پر سکون بھری آسودگی چھائی ہوئی تھی۔ وہ اپنی دعاؤں میں ایک نیک ہمسفر کو مانگ رہی تھی اپنے اچھے نصیب کی دعا مانگ رہی تھی تو کچھ غلط بھی نہیں تھا۔وہ نیک ہمسفر کی تمنائی تھی تو اپنے لیے بھی رب سے اتنی ہی استقامت مانگتی تھی۔اس کی دعا میں ایک شدت تھی،جتنی شدت سے ہم خود اپنے لیے دعا مانگتے ہیں اتنی شدت سے اور کوئی دوسرا نہیں مانگ سکتا۔


*********************

Let ahmreen_novel_writes know what you thought about this chapter!

Deleted User
Deleted User

😍😍😍😍😍

6 years
samahirajadgalsama
samahirajadgalsama

👌❤😍

6 years
sz fav
sz fav

Amazing start

6 years

Further Recommendations

To Catch a Ghost, Part 1

Wendy Salvo: I really liked this story but now that I’ve read all three I wanted to come back with a thought, the forward on this story talks about a reverse harem and not having to choose, but there isn’t any choice, or thought of a harem until the moment she connects with them, there is only foreshadowing of o...

Read Now
Ruthless Lord

susiebear2012: Realy enjoyed this so looking forward to more.great story line hope they can achieve getting away from the kings burden. Truly amazing well written well done.

Read Now
Hit and Run

ZaraPearl: I truly love the story, very intersting and lovely.Sebastian is a great character and yoda ..., all of it , though I expected more at the endingi5 would've been great

Read Now
Rebuilding After Betrayal

Lynne: Very enjoyable short story good characters and they all found love n honesty.

Read Now
The Rewrite

MHReader: The story has a great plot and moves along nicely. There are a few grammatical errors but these do not detract from the flow of reading.

Read Now
Silver's Second Chance

April: Reading this one time was not enough, I love rereading this story. I love how strong and independent silver is. 💗💗

Read Now
The Mate he couldn't have

glendinningjune: Sdfgg ghiiio dghjk sdfgh tuition xxvhh gvhhn gvvhj ghj joking hbvcfh jkkkbv fccgh hhh dccg wfgbv yvffv invest unvvgh

Read Now
Married by Fate

starx_1413: Honestly, what a read!! I absolutely loved this story. The plot was so interesting, and those plot twists? I WAS NOT EXPECTING THEM AT ALL!! Just when I thought I had figured things out, the story managed to surprise me all over again.One of my favourite things has to be the chemistry between the ch...

Read Now
Bear Roberts

user-za6B61FpQY: While I felt like this wasn't a realistic situation on meeting someone; I realky like how their relationship develops!

Read Now